اختر رضا سلیمی کی نگرانی میں ’’حرف کار‘‘ نامی سافٹ ویئر کی تیاری (اسلام آباد)جب سے موبائل میں بآسانی اردو ٹائپ کرنے کی سہولت آگئی ہے تب سے اردو رسم الخط نے بھی سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اپنی شناخت بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے ورنہ اردو رسم الخط سے واقف کار بھی اردو کو رومن رسم الخط میں لکھنے کو مجبور تھے اسی لیے ایک عرصے تک فیس بک ،ٹوئیٹر اور وہاٹس ایپ جیسے ایپ میں رومن رسم الخط ہی آسان ذریعہ ترسیل بنا  ہواتھا اب  اردو  رسم الخط بھی خیر خوبی سے ان ذرائع میں مستعمل ہونے لگی ہے اور اردو داں افراد اردو رسم الخط کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اس معاملے میں نئی نسل اپنے بزرگوں سے ایک قدم آگے ہے ۔اس لیے موبائل /ٹیب یا اس طرح کے دیگر الیکٹرانک آلات پر اردو رسم الخط لکھنے میں زیادہ آگے ہیں،بزرگ نسل کے ادبا و شعرا کو ٹائپنگ میں دشواریاں ہیں کیوں کہ وہ ٹیکنالوجی سے کتراتے رہے ہیں ۔اس لیے بعض  بزرگ نسل کے لکھنے والوں اور اسی طرح نوجوانوں کو بھی اردو لکھنے میں  املے اور جملے کی غلطیوں کا خوف رہتا ہے ۔کیوں کہ  ٹائپنگ میں اکثر املا اور جملہ کی   غلطیاں سرزد ہو جایا کرتی ہیں۔ اس پریشانی سے نجات پانے کے لیے انگریزی میں ورڈ پروسیسنگ جیسے سافٹ ویئر میں  خودکار اصلاح الفاظ  (Autocorrect)کا نظام  ہے جس کے تحت املا اور جملوں کی نحوی ساخت وغیرہ اگر غلط ٹائپ ہو جائے تو  خود کار اصلاح کا نظام ان خامیوں کو درست کر دیتا ہے ایک خود کار اصلاح الفاظ کا نظام تو موبائل صارفین  جانتے ہی ہیں مثلاً عام  جب ہم کچھ ٹائپ کرنا شروع کرتے ہیں تو ہمارے ادھورے الفاظ کو مکمل کرنے کے لیے خود کار اصلاح الفاظ  نظام کے تحت کچھ متبادل الفاظ نظر آتے ہیں ۔ یہ سہولت اردو میں بھی دستیاب ہے ۔یہ الگ بات ہے کہ کبھی کبھی اس خود کار اصلاح الفاظ کے چکّر میں بے محل الفاظ بھی ٹائپ ہو جاتے ہیں۔    لیکن جملوں کی نحوی ساخت اور املا وغیر ہ کے خود کار اصلاح کا نظام اردومیں اب تک نہیں تھا ۔پاکستان کے مشہور ادیب اختر رضا سلیمی اور ان کی ٹیم نے اس جانب توجہ دی  ہے۔ ان کی ٹیم اردو داں طبقے کو انگریزی کے طرز پر ایک ایسے سافٹ ویر کا تحفہ دینے والی ہے  جس کی مدد سے موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات پر بے جھجھک لوگ اردو ٹائپ کر سکتے ہیں ان کی تحریر کی املائی  اور نحوی غلطیوں کو یہ سافٹ ویئر خود بخود درست کر دے گا۔ اس طرح اسکرین پر اردو لکھنے والوں کو  املا اور  قواعد کی غلطیوں سے  نجات مل سکے گی۔ اس سافٹ ویر کا نام اختر رضا سلیمی نے ’’حرف کار‘‘ رکھا ہے۔ اختر رضا سلیمی نے پاکستان کے انگریزی اخبار ٹریبیون کو بتایا کہ انہوں نے سافٹ ویئر پروگرامر سعیدرضا خان کے ساتھ ایک ٹیم بنائی اور عالمی سطح پر اردو کے ادبا کی ڈیجیٹل ضرورتوں کے پیش نظر اس جانب کام کرنا شروع کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب ہم نے کام کرنا شروع کیا تو ہمارے سامنے انگریزی زبان کے سافٹ ویرکا نمونہ  موجود تھا۔ انگریزی زبان کے لیے ورڈ پروسیسنگ پروگرام (Word processing programme) میں جس طرح خودکار اصلاح کے سافٹ ویئر انسٹال ہوتے ہیں۔ جس کی مدد سے کوئی لفظ اگر غلط بھی لکھ دیا جائے، تو وہ لفظ اپنی اصلاح خود کر لیتا ہے۔ اسی بنیاد پر ہم نے بھی خاص توجہ خودکار اصلاح (Auto correction) پر مرکوز کیا۔ اس سافٹ ویر کی مدد سے نہ صرف غلط ٹائپ شدہ الفاظ  کی اصلاح خود کار طریقے پر ہوگی  بلکہ اردو طرز تحریر کے مطابق جملے کی ساخت بھی درست کی جا سکے گی۔ یہ سافٹ ویئر تیار ہوجائے تو  یقینی طور پر ڈیجیٹل دنیا میں  اردوزبان کے ساتھ اردو رسم الخط کا وجود مزید مستحکم ہوگا ۔   (ایکسپریس ٹری بیون کے ان پٹ کے ساتھ عمران عراقی کی رپورٹ)
عمران عراقی

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here