اپنے وطن کیلئے شوہر اور سسرالی ملک کی جاسوسی کیلئے ”راضی“ ہوگئی عالیہ بھٹ

0

نئی دہلی:(رحمت کلیم)یہ سچ ہے کہ تقسیم ہندو پاک سے سب سے زیادہ اگر کسی کو فائدہ ہوا تو وہ فلمی جگت ہے۔ہندوستان ہو یا پاکستان دونوں ملکوں کی فلم انڈسٹری نے ایک پر ایک فلمیں بنا کر خوب پیسہ کمایا اور یہ سلسلہ ہنوز برقرار ہے اور ایک بار پھر ہندوستان پاکستان کے موضوع پر ایک نئی فلم بن کر تیار ہے البتہ اس کی کہانی کچھ زیادہ ہی جداگانہ ہے ۔ویسے تو حقیقت میں ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ دشمن ملک کی جاسوس خاتون سے کوئی فوجی افسر شادی کرے۔تاہم 4 دہائیاں قبل پاکستان کی جاسوسی کیلئے بھارت ایک کشمیری خاتون کی ایک پاکستانی فوجی افسر سے شادی کرا دیتا ہے۔کشمیری لڑکی پاکستانی فوجی افسر سے شادی کرنے کے بعد پاکستان کی جاسوسی کرکے اہم معلومات ہندوستان کو دیتی ہے۔

یہ سارا واقعہ 1971 کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے جنگ اور تنازعات کے دوران ہوا، جس پر بعدمیں مشہور ناول نگار ہریندر ایس سکا نے ناول بھی لکھا۔ناول پوری طرح سچی کہانی پر مبنی ہے جس پر اب فلم بن کر تیار ہوچکی ہے ”راضی “نام کی اس فلم میں عالیہ بھٹ ایک کشمیری مگر بھارتی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آرہی ہے۔ڈائریکٹر میگھنا گلزار کی ہدایات میں بننے والی فلم ’راضی‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں خوبصورت، معصوم اور انتہائی نفیس نظر آنے والی عالیہ بھٹ کو سازش کے تحت ایک پاکستانی فوجی سے شادی کراکر پاکستان منتقل کیا جاتا ہے۔عالیہ بھٹ فلم میں ’سہمت‘ نامی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جس کے لیے اپنے شوہر سے وفاداری سے زیادہ اہم اپنے وطن کے لیے جاسوسی کرنا ہوتا ہے۔

عالیہ بھٹ کو پاکستانی دلہن بنانے سے قبل ہی اس بات کی تربیت دی جاتی ہے کہ اس کا مقصد ایک وفادار دلہن بن کر جانا نہیں بلکہ ایک جاسوس خاتون بن کر جانا ہے۔قریبا 2 منٹ 21 سیکنڈ دورانیے کے ٹریلر میں عالیہ بھٹ کو پاکستانی فوجی افسر سے شادی کرتے، اسے ہتھیار چلانے کی ٹریننگ لیتے اور اپنے ہی شوہر سے فرضی محبت کا اظہار کرنے کے بعد اسی سے ہی دھوکا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔’راضی‘ میں مرکزی کردار عالیہ بھٹ کا ہے، جب کہ ان کے پاکستانی شوہر کا کردار وکی کوشال نے نبھایا ہے، جو بظاہر معصوم نظر آنے والی اپنی ہندوستانی بیوی کی بے وفائی کو نہیں پہچان پاتے۔فلم کی دیگر کاسٹ میں سونی رضدان، جیدیپ اہلوت اور رجیت کپور سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔فلم کو کرن جوہر کی ’دھرما پروڈکشن‘ کے تعاون سے آئندہ ماہ 11 مئی کو ریلیز کیا جائے گا۔

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.