مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کااہم اجلاس بحسن وخوبی اختتام پذیر
نئی دہلی(پریس ریلیز)مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی پریس ریلیز کے مطابق آج اہل حدیث کمپلیکس،اوکھلا،نئی دہلی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی مجلس عاملہ کی ایک اہم میٹنگ زیرصدارت امیرمرکزی جمعیت محترم مولانااصغرعلی امام مہدی سلفی حفظہ اللہ منعقد ہوئی جس میں ملک کے بیشتر صوبوں سے آئے اراکین اور صوبائی ذمہ داران نے شرکت کی۔امیرمحترم نے اپنے خطاب میں دعوت وارشاد، تعلیم وتربیت ،تزکیہ نفس،ورع وتقوی،اتحاد واتفاق ، قومی یکجہتی ،فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت نیز اسلام کی تعلیمات کو برادران وطن تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا، اور دہشت گردی اورداعش اوراس جیسی دیگر دہشت گرد تنظیموں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ۔ اس اجلاس میں مرکزی جمعیت کے ناظم عمومی مولانامحمد ہارون سنابلی نے جمعیت کی کار کردگی رپورٹ پیش کی جس کی حاضرین اجلاس نے توثیق کی۔ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز نے حسابات پیش کیے جس پر ہاﺅس نے اطمینان وخوشی کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں جمعیت کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیااور آئندہ دعوتی،تعلیمی، تنظیمی ،تعمیراتی اوررفاہی منصوبوں اورانسانی خدمات کومہمیزدینے پرغور کیا گیا۔علاوہ ازیں جمعیت کے مالی استحکام بالخصوص اہل حدیث منزل کے تعمیراتی منصوبے کی تکمیل اور اہل حدیث کمپلیکس میں زیر تعمیر کثیرالمقاصدعمارت کے لئے چندہ ہوا اورملکی سطح پر اہل خیر حضرات کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کرنے کی اپیل کی گئی۔میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ یہ بھی کیاگیاکہ مرکزی جمعیت کے زیراہتمام پینتیسویں آل انڈیااہل حدیث کانفرنس مارچ ۰۲۰۲ءمیں منعقدہوگی جس کے کنوینرمرکزی جمعیت کے ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز ہوں گے۔اس میٹنگ میں ملک وملت اور عالمی مسائل سے متعلق اہم اور انتہائی اہمیت کی حامل قرار داد وتجاویز منظور کی گئیں۔

Facebook Comments