نئی دہلی:ملک بھر میں کورونا وائرس دھیرے دھیرے پھیلتا چلا جارہا ہے ،اور اب تک قریب۸۵ مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دو کی موت بھی ہوئی ہے۔بیشتر ریاستوں نے تمام تعلیمی اداروں ،مال،جِم سینٹر،پارک اور عوامی اجتماعات پر پابندیاں لگادی ہیں ،ادھر کرکٹ کے کئی مقابلے بھی اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں خاص طور پر آئی پی ایل کو پندرہ اپریل تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے حالانکہ یہ ۲۹ مارچ سے شروع ہونے والا تھا لیکن بیرون ممالک کے ویزہ کو معطل کرنے اور لوگوں کے اجتماع سے وائرس کے پھیلنے کے خوف کی وجہ سے اس بار کا آئی پی ایل وقت پر نہیں ہوپارہا ہے۔اسی ضمن میں آج بی سی سی آئی کے دفتر میں آئی پی ایل ٹیم کے مالکان کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں کولکاتہ نائٹ رائڈرس کے مالک شاہ رخ خان نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ کے بعد شاہ رخ خان نے اپنے ٹوئٹر پر اپنی رائے رکھتے ہوئے کہا کہ  آج ٹیم مالکان سے مل کر خوشی ہوئی۔تمام لوگوں کی یہی سوچ ہے کہ عوام کی سیکورٹی اور تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جاسکے۔اور خاص طور سے ان شہروں میں جہاں یہ مقابلے ہونے والے ہیں ۔اس لئے ہیلتھ ایجنسیوں اور حکومت کی تمام ہدایات پر عمل کیا جائےگا۔وہیں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ امید ہے کہ وائرس کا اثر ختم ہوگا اور ہم مقابلہ دیکھ پائیں گے۔بی سی سی آئی اور ٹیم مالکان مسلسل حکومت کے رابطے میں ہیں اور ہرکسی کے صحت کے مفاد کو پیش نظر رکھ کر غور وخوض کیا جارہا ہے۔

وہیں بی سی سی آئی صدر سوروگانگولی نے کہا ہے کہ اس بار آئی پی ایل کا مقابلہ بہت چھوٹا ہوگا،میچز کم ہوں گے اور تاریخ پھر سے طے کی جائے گی۔ہر ہفتے کورونا وائرس کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا اس کے بعد پھر سے نئی تاریخ اور نئے شیڈول کا اعلان کیا جائےگا۔

 

Facebook Comments