لکھنو:اترپردیش کی یوگی سرکار نے مسلم خواتین کے تئیں نام نہاد ہمدری کا دم بھرتے ہوئے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔یوگی حکومت کا اعلان ہے کہ اب تین طلاق شدہ مسلم خواتین کو سال میں ایک بڑی  رقم پنشن کے طور پر دی جائے گی اور یہ رقم چھ ہزار روپئے ہوگی ۔یعنی ایک مہینے میں پانچ سو روپئے پنشن کے طور پر یوگی سرکار تین طلاق متاثرہ خواتین کو دے گی۔اب سوچنے والی بات یہ ہے کہ مہینے کا پانچ سو روپیہ کیا آج کے اترپردیش میں ایک شخص کیلئے کافی ہے؟اور اس پر بھی خواتین کیلئے؟

لیکن ایک دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ اب تک حکومت کی طرف سے تین طلاق متاثرہ کو ایک روپیہ بھی امداد کے طور پر نہیں ملتا تھا ،لیکن اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ کم سے کم پانچ سو روپئے یوگی سرکار دے رہی ہے ۔حالانکہ دیگر ریاستوں نے اس قسم کی کوئی پہل نہیں کی ہے ،ایسے میں دوسری ریاستوں کے مقابلے یوپی حکومت کا یہ فیصلہ قابل تعریف ہے ،یہ اور بات ہے کہ یہ رقم اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مانند ہے۔یہ پنشن آئندہ سال کے آغاز کے ساتھ ہی دیا جائے گا۔

Facebook Comments